23 اگست ، 2021
افغانستان کے سابق آرمی چیف جنرل ولی محمد احمد زئی کی ملک سے فرار کیلئے کابل ائیرپورٹ پر لائن میں کھڑے ہونے کی مبینہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد حامد کرزئی ائیرپورٹ پر ملک سے فرار ہونے والوں کا ہجوم جمع ہے اور افراتفری مچی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر کابل ائیرپورٹ سے فرار ہونے کیلئے اپنی باری کے منتظر افغان فوج کے سابق آرمی چیف ولی محمد احمد زئی کی مبینہ تصویر بھی وائرل ہورہی ہے۔
مبینہ تصویر میں سابق آرمی چیف معمولی کپڑوں میں کھڑے ہیں اور گلے میں ایک گمچا ڈالا ہوا ہے۔
تاہم اس تصویر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
خیال رہے کہ طالبان سے جنگ میں پے در پے شکستوں کے بعد 11 اگست کو اُس وقت کے صدر اشرف غنی نے آرمی چیف ولی محمد احمد زئی کو عہدے سے برطرف کردیا تھا۔