خاتون ٹک ٹاکر کیس: عائشہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش

مینار پاکستان پر خاتون سے دست درازی اور بے لباس کرنےکے کیس میں پولیس نےخاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون ٹک ٹاکر عائشہ  کےجسم پرخراشوں کےنشان پائےگئے ہیں، میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ایف آئی آر میں بھی ترمیم کرلی گئی۔

اس موقع پر تفتیشی افسر نےترمیمی ایف آئی آرکی کاپی بھی عدالت میں جمع کرادی،   میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ایف آئی آر میں زخمی کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں خاتون سے ڈکیتی کے الزام میں دفعہ 395 بھی شامل ہے، میڈیکل کے لیے عائشہ کو پیش کرنا ضروری تھا۔

واقعہ کیا ہے ؟

14 اگست جشن آزادی کے دن لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) میں جمع تھی، ایسے میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔

اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی،خاتون نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تھانہ لاری اڈا پولیس نے خاتون سے دست درازی اور بے لباس کرنے کے الزام میں 400 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔