24 اگست ، 2021
کابل: طالبان نے وزیر خزانہ اور داخلہ سمیت کئی اہم تقرریاں کردیں۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل پر طالبان کے کنٹرول کے 9 روز بعد طالبان کی جانب سے مختلف تقرریوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے پیش نظر طالبان نے نئے وزیرخزانہ، قائم مقام وزیر تعلیم،قائم مقام وزیرداخلہ اور انٹیلی جنس چیف سمیت مرکزی بینک کے سربراہ کا تقرر کردیا ہے۔
گل آغا افغانستان کے نئے وزیرخزانہ مقرر کردیے گئے
افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ طالبان نےگل آغاکو افغانستان کا وزیرخزانہ، صدر ابراہیم کو قائم مقام وزیرداخلہ اورنجیب اللہ کوانٹیلی جنس چیف مقرر کیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے ملاشیریں کوکابل کاگورنر اورحمداللہ نعمانی کو دارالحکومت کا میئرلگایا گیا ہے۔
حاجی محمد ادریس کے نام سے مشہور ملا عبدالقہار مرکزی بینک کے سربراہ مقرر
افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ طالبان کی جانب سے حاجی محمد ادریس کے نام سے مشہور ملا عبدالقہار کو مرکزی بینک کا قائم مقام سربراہ بنایا گیا ہے جب کہ ہیمت اخوندزادہ قائم مقام وزیر تعلیم مقرر کیے گئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق ملا عبدالقہار نے اپنی تقرری کے بعد افغان سینٹرل بینک کے اسٹاف سے تعارفی میٹنگ کی جس میں انہوں نے عملے کو بتدریج کام پر واپس لوٹنے کی ہدایت کی۔
ہیمت اخوندزادہ کو قائم مقام وزیر تعلیم بنایا گیا ہے
افغان میڈیا نے سینٹرل بینک کے سربراہ کی تعیناتی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بیشتر بینک بند ہونے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور ایسے میں سینٹرل بینک کے سربراہ کی تعیناتی خوش آئند ہے۔
قائم مقام وزیر تعلیم ہیمت اخوندزادہ کی جانب سے بھی ایک میٹنگ بلائی گئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ طالبان لڑکیوں کی تعلیم کے لیے پرعزم ہیں اور شرعی قوانین کی حدود میں رہتے ہوئے تمام کام کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے۔
طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے۔
طالبان کے ملک پر کنٹرول کے بعد کابل ائیرپورٹ پر افراتفری کی صورتحال ہے اور ملک چھوڑ کر جانے کے خواہش مند ہزاروں افراد ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔