کنگسٹن ٹیسٹ میں جیت، پاکستان نے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا

کنگسٹن ٹیسٹ میں پاکستان نے 109 رنز سے فتح حاصل کی ، پاکستان نے یہ فتح پہلی اننگز میں 2 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے حاصل کی اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کیا ۔ —فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
کنگسٹن ٹیسٹ میں پاکستان نے 109 رنز سے فتح حاصل کی ، پاکستان نے یہ فتح پہلی اننگز میں 2 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے حاصل کی اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کیا ۔ —فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر

ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک منفرد اعزاز  اپنے نام کرلیا جبکہ  ساتھ ساتھ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی کسی 2  میچز کی سیریز میں پاکستان کے کامیاب ترین فاسٹ بولر بن گئے۔

کنگسٹن ٹیسٹ میں پاکستان نے 109 رنز سے فتح حاصل کی ، پاکستان نے یہ فتح پہلی اننگز میں 2 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے حاصل کی اور ایک منفرد اعزاز اپنے نام کیا ۔

 ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ دسواں موقع ہی تھا جب کوئی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 2 یا اس سے کم رنز پر 3 کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی ہو ،ان 10 واقعات میں سے ٹیموں کو صرف 2 مرتبہ کامیابیاں ملی ہیں اور دونوں مرتبہ کامیابیوں کا تاج پاکستان کے سر سجا ہے ۔

پاکستان نے اس سے قبل کراچی ٹیسٹ میں بھارت کیخلاف صفر پر3 کھلاڑیوں سے محروم ہوجانے کے باوجود بھی کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے علاوہ  2008 میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں 4 رنز پر 3  وکٹیں گنواکر کامیابی حاصل کی تھی۔

شاہین شاہ آفریدی کی شاندار  کارکردگی 

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے10 وکٹیں حاصل کیں —فوٹو:آئی سی سی
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے10 وکٹیں حاصل کیں —فوٹو:آئی سی سی

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ  کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے10 وکٹیں حاصل کیں  جبکہ  2  میچز کی اس سیریز میں شاہین شاہ نے مجموعی طور پر 18 شکار کیے جو کسی بھی 2 میچز کی سیریز میں ایک پاکستانی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

اس سے قبل 2018 میں محمد عباس نے آسٹریلیا کیخلاف اور 2006 میں محمد آصف نے سری لنکا کیخلاف 17،17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس کے علاوہ  بھارت کے عرفان پٹھان نے 2005 میں زمبابوے کیخلاف 2 میچز میں سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔

پاکستان کے جادوئی اسپنر ثقلین مشتاق نے 1999 میں بھارت کیخلاف2 ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں جو کسی بھی2 میچز کی سیریز میں ایک پاکستانی بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

 مشتاق احمد نے 2 ، 2 مرتبہ 18،18 وکٹیں2  میچز میں حاصل کیں  یوں شاہین شاہ آفریدی فاسٹ بولرزمیں سب سے زیادہ جبکہ مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں109 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1سے برابر کردی ہے۔ 

مزید خبریں :