Time 25 اگست ، 2021
پاکستان

ٹھٹہ میں ملزم کی گرفتاری کیلئے جانے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹہ کے علاقے بابڑا میں پولیس پارٹی پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار  زخمی ہوگئے۔

سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر عمران احمد کے مطابق گھارو کے قریب بابڑا کے مقام پر ایف آئی آر میں نامزد ملزم کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی غلام رسول سیال اورایس ایچ اوگھارو ممتاز بروہی کی سربراہی میں جانے والی پولیس پارٹی پر نامزد ملزم اور اس کے ساتھیوں نےفائرنگ کردی۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سخی بخش اور اہلکار علی نواز شہید جبکہ ڈی ایس پی اورایس ایچ اوسمیت 4 اہلکارزخمی ہوگئے۔

ان کا کہنا تھاکہ لاشوں اور زخمیوں کو گھارو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

دوسری جانب واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

اُدھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹھٹہ میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ مجرمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

مزید خبریں :