دنیا
Time 25 اگست ، 2021

طالبان نےکابل ائیرپورٹ چلانےکیلیے تکنیکی مدد مانگی ہے، ترک حکام کا دعویٰ

ترک حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ افغان طالبان نے غیر ملکی فوج کے انخلا کے بعدکابل ائیرپورٹ چلانےکے لیے ترکی سے تکنیکی مدد مانگی ہے۔

 برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ترک حکومت کے2 عہدیداروں نے بتایا ہےکہ طالبان نے غیر ملکی فورسزکے انخلا کے بعد کابل ائیرپورٹ کو چلانےکے لیے ترکی سے تکنیکی مدد مانگی ہے لیکن ان کا اصرار ہےکہ ترکی کی فوج بھی 31 اگست کی ڈیڈ لائن تک مکمل انخلا کرلے۔

ترک عہدیدار نےکہا ہےکہ طالبان کی مشروط درخواست کو قبول کرنا ترکی کے لیے مشکل فیصلہ ہے۔

ترک عہدیدار نے نام نہ بتانے کی شرط پر خبر ایجنسی کو مزید بتایا کہ ترک مسلح افواج کے بغیر کابل ائیرپورٹ پرترک ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنانا ایک پُرخطرکام ہے۔

ترک عہدیدار کے مطابق غیر ملکی فوج کے انخلا کی ڈیڈ لائن کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائےگا۔

خیال رہےکہ ترکی کی جانب سے متعدد بار امریکا اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد  کابل ائیرپورٹ کی سکیورٹی سنبھالنے کے ارادوں کا اظہار کیا گیا ہے تاہم طالبان کی جانب سے اس کی سخت مخالفت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :