اقوام متحدہ کی درخواست پرپی آئی اے کی شیڈول پرواز بدھ کو بھی آپریٹ نہ ہوسکی

اس پرواز کے ذریعے اقوام متحدہ کے افغان نژاد ملازمین کو افغانستان سے نکالا جانا تھا —فوٹو:فائل
اس پرواز کے ذریعے اقوام متحدہ کے افغان نژاد ملازمین کو افغانستان سے نکالا جانا تھا —فوٹو:فائل

اقوام متحدہ کی درخواست پر شیڈول کی جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز  بدھ کو بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل سے  آپریٹ نہ کی جاسکی۔

اس پرواز کے ذریعے اقوام متحدہ کے افغان نژاد ملازمین کو افغانستان سے نکالا جانا تھا۔

کابل میں موجود ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہےکہ اب طالبان افغان شہریوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے رہے اس لیے اقوام متحدہ کے افغان ملازمین کو کابل ائیرپورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ملی ۔

 تاہم طالبان غیر ملکیوں کو بیرون ملک جانے سے نہیں روک رہے اس کے علاوہ انُ افغان باشندوں کو بھی جانے سے نہیں روکا جارہا جن کے پاس پاکستان یا کسی اور ملک کی شہریت ہے۔ 

طالبان نے امریکا مغربی ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہنرمند افغان شہریوں کو ملک سے نکال لے جانے کی کوششیں نہ کریں۔

 ادھر پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی درخواست پر پی آئی اے کا طیارہ بدھ کو اسلام آباد سے کابل جانے کیلئے تیار تھا لیکن مسافروں کے کابل ائیر پورٹ پہنچنے کی تصدیق نہ ہونے کے سبب پرواز روانہ نہ ہو سکی۔

 پی آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کے علاوہ ورلڈ بینک ،ایشین ڈویلپمنٹ بینک، یورپی یونین اور بعض مغربی ممالک نے بھی پی آئی اے سے اپنے شہریوں اور ملازمین کو افغانستان سے نکالنے کیلئے پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے۔

مزید خبریں :