26 اگست ، 2021
بالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ ہیما مالنی نے انکشاف کیا کہ پروڈیوسرز کی بیویاں ان کے فیشن سینس اور ساڑھی کے انتخاب پر مذاق اڑایا کرتی تھیں۔
آج کل بھارتی میڈیا پر ہیما مالنی کے ایک پرانے انٹرویو کے چرچے ہیں جس میں انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اکثر تقریبات میں روایتی ساڑھی پہن کر جاتی تھی، وہاں زیادہ تر پروڈیوسرز کی بیویاں پنجابی تھیں جو میری ساڑھی اور بلاؤز کا مذاق اڑاتی تھیں اور جملے کستی تھیں کہ وہ دیکھو مدراسن آگئی۔
ہیما مالنی نے گفتگو کے دوران بتایا تھا کہ مجھے ساڑھی پہننے کی عادت میری والدہ نے ڈلوائی تھی، شروع میں مجھے ساڑھی پسند نہیں تھی لیکن میری والدہ نے ایک نہ سنی اور مجھے ساڑھی پہننے پر زور دیا اور پھر یہ میری عادت بن گئی۔