Time 26 اگست ، 2021
دنیا

سابق افغان وزیر جرمنی میں پیزا ڈلیوری بوائے بن گئے

احمد سادات نے 2018 میں اشرف غنی کی کابینہ میں شمولیت اختیار کی تھی_فوٹو: سوشل میڈیا
احمد سادات نے 2018 میں اشرف غنی کی کابینہ میں شمولیت اختیار کی تھی_فوٹو: سوشل میڈیا

افغانستان کے سابق وزیر  برائے مواصلات و ٹیکنالوجی سید احمد سادات جرمنی میں پیزا ڈلیوری بوائے کی حیثیت سے فرائض سرانجام دینے لگے۔

آج کل سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر سید احمد سادات کی کچھ تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جن میں انہیں سائیکل پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

سابق افغان وزیر کی یہ تصاویر جرمن صحافی جوزا مانیا کی جانب سے ٹوئٹر  پر شیئر کی گئی ہیں۔

جرمن صحافی نے بتایا کہ کچھ دن قبل میری ملاقات ایک ایسے شخص سے ہوئی جس نے دعویٰ کیا کہ وہ افغان وزیر مواصلات رہ چکا ہے، میں نے پوچھا کہ وہ لیپ زگ شہر میں کیا کر رہا ہے تو اس نے بتایا کہ میں یہاں فوڈ ڈلیوری بوائے ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد سادات نے 2018 میں اشرف غنی کی کابینہ میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن انہوں نے افغان صدر کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے 2020 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور وہ جرمنی منتقل ہو گئے تھے۔

احمد سادات نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے کمیونیکیشنز اور  الیکڑانک انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

اسکائی نیوز کے مطابق احمد سادات نے  بھی اعتراف کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر ان ہی کی ہیں اور  وہ پیسوں کی کمی کے باعث جرمنی کی ایک نجی کمپنی میں فوڈ ڈلیوری بوائے کی حیثیت سے نوکری کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :