Time 27 اگست ، 2021
پاکستان

کراچی کی کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ 17 زندگیاں نگل گئی

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 17 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہےکہ فیکٹری میں مختلف اشیاء کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا، آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔

 آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے، فیکٹری کی دیواریں توڑنے کے لیے ہیوی مشینری کو بھی طلب کیا گیا ، 13 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف رہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ پھیل گئی،اندر موجود مزدور مدد کے لیے پکارتے رہے ۔

چیف فائر آفیسرکا کہنا ہےکہ کیمیکل فیکٹری کے اندر آنے اور باہر جانےکے لیے ایک ہی راستہ تھا، مزدوروں کو باہر نکلنے کا راستہ نہیں ملا، دومنزلہ فیکٹری میں اوپر جانے کے لیے چھت کے دروازے پر بھی  تالا تھا۔

ایڈمنسٹریٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں 21 ملازم موجود تھے۔

جاں بحق افراد میں دو سگے بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق  آگ کو کنٹرول کر لیا گیا ہے اورکولنگ کا عمل جاری ہے۔

مزید خبریں :