27 اگست ، 2021
محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی میں پیر سے اسکول کھولنے کا مشروط فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق 100فیصد ویکسینیٹڈاسٹاف والےاسکول ہی ہفتے میں6 دن کھولے جا سکیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 3 دن ایک شفٹ اور 3 دن دوسری شفٹ کی کلاسیں ہوں گی جبکہ محکمہ تعلیم کی کمیٹی اسکولوں کی صورتحال کا جائزہ لےگی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ والدین کو اسکول مالکان ویکسی نیشن سے متعلق آگاہی دیں گے، ساتھ ہی والدین ویکسی نیشن کارڈ کی کاپی بھی اسکول میں جمع کروائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی وبا کورونا کی چوتھی لہر کے باعث حکومت سندھ نے صوبے میں اسکول تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کراچی میں نجی اسکولوں کے طلبا کی جانب سے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے سڑک کنارے کلاسیں لگا لی گئی تھیں۔