Time 27 اگست ، 2021
پاکستان

لاہور میں ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلبہ کے احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارج

لاہور میں ینگ ڈاکٹرز اور مختلف میڈیکل یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات نے نیشنل لائسنسنگ ایگزامینیشن (این ایل ای) کے خلاف احتجاج کیا۔

ینگ ڈاکٹرز اور پنجاب کی مختلف میڈیکل یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات این ایل ای کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور برکت مارکیٹ امتحانی مرکز کے باہر احتجاج کیا۔

مظاہرین نے امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود پولیس حرکت میں آئی۔ 

دھکم پیل کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث کئی مظاہرین کی طبیعت خراب ہو گئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ این ایل ای کے امتحانات مسلط کیے گئے ہیں جس کی مخالفت پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ فی الحال احتجاج ختم کر دیا ہے، اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ 

دوسری جانب پولیس نے ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کی تردید کی اور کہا کہ ڈاکٹروں نے غلط فہمی میں احتجاج کیا، ان پر نہ شیلنگ کی اور نہ ہی لاٹھی چارج ہوا۔

اُدھر قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ڈاکٹروں پرپولیس کے تشدد کی مذمت کی ہے، انہوں نے ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج اورآنسوگیس کے استعمال کو افسوسناک قرار دیا۔

مزید خبریں :