28 اگست ، 2021
حکومت ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان کو کنٹرول نہ کر سکی اور رواں ہفتے بھی آٹے اور چینی سمیت کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، تازہ دودھ، دہی، مرغی کا گوشت، انڈے، پیاز اور لہسن سمیت 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔
دال مسور کی فی کلو قیمت میں 14 روپے 66 پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 74 پیسے اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے 30 پیسے اضافہ ہوا جبکہ ٹماٹر اور ایل پی جی سمیت 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔