31 اگست ، 2021
افغانستان سے امریکی فوج کے مکمل انخلا کے بعد طالبان کی جانب سے سجدہ شکر ادا کرنے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر طالبان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں متعدد طالبان کو سڑکوں پر سجدہ شکر ادا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں پہلے ایک طالبان کو سجدہ شکر اداکرتے ہوئے دیکھاگیا، بعد ازاں کئی اور طالبان نے بھی سڑک پر رات کی تاریکی میں ہی سجدہ شکر ادا کیا، ویڈیو میں طالبان کو ہتھیار اٹھائے نعرے لگاتے بھی دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔
ٹوئٹر پر وائرل ویڈیو کے ساتھ درج کیے گئے کیپشن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ زیر غور ویڈیو کابل سے آخری امریکی فوج کے انخلا کے وقت بنائی گئی ہے۔
ویڈیو کے ساتھ درج کیے گئے کیپشن کے مطابق، کابل سے آخری امریکی فوجی کے نکلنے پر جہاں جشن فتح منایا گیا وہیں طالبان نے سڑکوں پر سجدہ شکر ادا کیا اور اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو میں کابل کی مساجد سے طالبان کو نعرہ تکبیر اللہ اکبر لگاتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے افغانستان سے اپنا فوجی انخلا ڈیڈ لائن سے قبل ہی مکمل کرلیا ہے، کابل شہر میں امریکی فوج کے انخلا پر خوشی منا تے ہوئے طالبان چوکیوں سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنیں گئیں۔