01 ستمبر ، 2021
قطرکاطیارہ تکنیکی ٹیم کولےکرکابل ائیرپورٹ پہنچ گیا ، یہ ٹیم کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی کے لیے طالبان سے بات کرنے آئی ہے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان کی جانب سے کابل ائیرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنےکے بعد تکنیکی ٹیم کابل ائیرپورٹ کے آپریشنزبحال کرنےکے سلسلے میں بات کرنے آئی ہے اور ائیرپورٹ کی سکیورٹی اور آپریشن بحالی کے حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے۔
اے ایف پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہےکہ فی الحال تکنیکی مدد فراہم کرنےکے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے، قطر سے آنے والی ٹیم دیگر فریقین کی درخواست پر اس حوالے سے بات چیت کر رہی ہے۔
ذرائع نے ایف پی کو بتایا ہےکہ اس پیش رفت کا مقصد کابل ائیرپورٹ پر انسانی بنیادوں پر فضائی آپریشن کی بحالی ہے تاکہ انخلا کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکے اور افغان شہریوں کو بیرون ملک جانے اور آنے کی آزادی بھی مل سکے۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز امریکا کی جانب سے افغانستان سے انخلا کا آپریشن مکمل کرنے کے اعلان تک ایک لاکھ 23 ہزار افراد کابل ائیرپورٹ سے بیرون ملک روانہ ہوچکے ہیں جن میں غیر ملکیوں سمیت اکثریت افغان شہریوں کی ہے۔
واضح رہےکہ اس سے قبل ترکی کی جانب سے بھی کابل ائیرپورٹ کا انتظام سنبھالنے میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے اور اس معاملے پر طالبان اور ترک حکام کے درمیان مذاکرات بھی ہوچکے ہیں ۔