Time 01 ستمبر ، 2021
کھیل

طالبان نے افغان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی منظوری دے دی

طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی منظوری دے دی ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حامد شنواری نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کو بتایا کہ ’ہمیں اپنی ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی منظوری مل گئی ہے۔‘

خیال رہے کہ 2001 میں اقتدار سے نکالے جانے سے قبل طالبان نے اپنے دور حکومت میں متعدد کھیلوں سمیت تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اس بار طالبان نے کہا ہے کہ خواتین کو کام کرنے اور کھیل کی سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔

اےا یف پی کے مطابق افغان طالبان کو کرکٹ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ کھیل تو طالبان جنگجوؤں میں بھی مقبول ہے۔ 

خیال رہے کہ افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اولین ٹیسٹ میچ گذشتہ برس 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کھیلا جانا تھا تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے دورے سے قبل افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی جو متحدہ عرب امارات میں 17 اکتوبر سے 15 نومبر 2021 تک شیڈول ہے۔

حامد شنواری نے اے ایف پی کو بتایا کہ رواں ماہ افغانستان کی انڈر 19 ٹیم بھی بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ باہمی سیریز کھیلے گی۔

افغانستان سے امریکی و نیٹو افواج کے انخلا کے بعد یہ خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ طالبان کی حکومت میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی جائے گی تاہم ایسا نظر نہیں آرہا۔

افغان کرکٹ بورڈ کے حکام واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ کرکٹ کو طالبان کی حمایت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کی ہوم سیریز کو افغانستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے پہلے سری لنکا منتقل کیا گیا اور پھر اسے لاجسٹک اور کووڈ 19 کے مسائل کی وجہ سے اگلے برس تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :