بھارتی فورسز سید علی گیلانی سے اتنی خوفزدہ ہیں کہ ان کے جسد خاکی کو تحویل میں لینے کے بعد زبردستی کسی نامعلوم مقام پر تدفین کر دی گئی۔
02 ستمبر ، 2021
طویل علالت کے بعد گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملنے والے سینئر حریت پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی اپنی زندگی میں تو قابض فوج کے لیے خطرہ تھے ہی لیکن ان کے انتقال کے بعد بھی بھارتی فورسز ان سے اتنی خوفزدہ ہیں کہ ان کے جسد خاکی کو تحویل میں لینے کے بعد زبردستی کسی نامعلوم مقام پر تدفین کر دی گئی۔
قابض بھارتی فوج نے حریت رہنما کو ان کی خواہش کے مطابق مزار شہداء قبرستان میں تدفین کی اجازت نہ دی اور بھارتی میڈیا کے مطابق رات کے اندھیرے میں ہی انتہائی سخت سکیورٹی میں سینئر حریت رہنما کی حیدرپورہ کے قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔
سید علی گیلانی کے نمائندہ خصوصی عبداللہ گیلانی کی جانب سے بھی اس حوالے سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے قائد تحریکِ آزادیِ کشمیر سید علی گیلانی کا جسد خاکی اپنی تحویل میں لیکر نامعلوم مقام پر ان کی تدفین کر دی۔
سوشل میڈیا کے ذریعے سید علی گیلانی کی تدفین کے موقع کی کچھ تصاویر منظر عام پر آئی ہیں تاہم ان میں بھی سینئر حریت رہنما کا جسد خاکی یا قبر کی تصاویر واضح نہیں ہیں۔