02 ستمبر ، 2021
بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ اور سینئر سیاسی رہنما سردار عطا اللّٰہ مینگل 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ گزشتہ ایک ہفتے سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ عطا اللّٰہ مینگل ایک ہفتے سے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ عطااللّہ مینگل کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا تاہم طبیعت میں بہتری نہ ہونے کے باعث وینٹی لیٹر ہٹادیاگیا۔
ملک کے سینیئر سیاستدانوں میں شمار ہونے والے عطااللّٰہ مینگل بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے والد تھے۔
عطااللہ مینگل کی تدفین آبائی علاقے وڈھ ضلع خضدار میں کی جائے گی۔ سردار عطااللہ مینگل 1929 کو پیدا ہوئے، انھوں نے اپنا بچپن لسبیلہ میں گزارا اور بعد میں کراچی منتقل ہوگئے۔
انھیں 25 سال کی عمر میں شاہیزئی مینگل قبیلے کا سردار مقرر کردیا گیا تھا۔
سردار عطااللہ مینگل نے 1970 کے پہلے الیکشن میں نیشنل عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا۔
سردار عطااللّہ مینگل نے یکم مئی 1972کو بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا اور 13فروری 1973 تک عہدے پر فائز رہے ۔
سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و دیگر سیاسی رہنماؤں نے افسوس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا۔