پاکستان
Time 03 ستمبر ، 2021

برطانیہ کا افغانستان کے لیے امداد بڑھانے کا اعلان

برطانیہ نے افغانستان کے لیے امداد بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ افغانستان کے لیے 3 کروڑ پاؤنڈ امداد کی پہلی قسط آج ہی جاری ہو جائے گی، امداد اس لیے جاری ہے کہ افغانستان کے حالات تباہی کی طرف نہ جائیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈومینک راب نے افغانستان سے برطانوی باشندوں کے انخلا پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

برطانوی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہو، پاکستان اور بھارت کو کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کرنی چاہیے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر خارجہ سے باہمی تعلقات اور افغانستان پر بات ہوئی ہے، برطانوی وزیر خارجہ کے پاکستان کو کورونا سے متاثرہ ممالک کی ریڈ لسٹ میں رکھنے کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کئی دھڑے ہیں اس لیے ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، روزانہ 20 سے25 ہزار لوگوں کی پاکستان اور افغانستان میں آمدو رفت ہے، ہم نے افغانستان میں کسی سے تو سرکاری سطح پر بات جاری رکھنی ہے۔

پاکستان کو رید لسٹ میں ڈالے جانے سے متعلق ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کی برطانوی حکام کے ساتھ کورونا کے ٹیکنیکل معاملات پر بات ہو گی، پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے سے متعلق فیصلہ ٹیکنیکل گراؤنڈ پر لیا جا سکے گا۔

برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان نے بہت تیزی سے افغانستان پر قبضہ کیا اس پر دنیا حیران ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں، امید ہے طالبان افغانستان میں امن و استحکام لائیں گے لیکن طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا ابھی قبل ازوقت ہے۔

مزید خبریں :