دنیا
Time 06 ستمبر ، 2021

’20 سال امریکی تربیت لینے والے فوجی ساتھ دیں، بغاوت کو سختی سے کچلا جائے گا‘

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق نائب افغان صدر امر اللہ صالح افغانستان سے فرار ہو گئے ہیں۔

وادی پنجشیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا طالبان مذاکرات چاہتے تھے لیکن مزاحمتی محاذ نے منفی جواب دیے جس کے باعث لڑائی کی نوبت پیش آئی۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ وادی پنجشیر پر کنٹرول حاصل کرنے کے دوران شہریوں کی ہلاکتیں نہیں ہوئیں، پنجشیر میں آج سے انٹرنیٹ اور بجلی بحال ہو جائے گی۔

امر اللہ صالح تاجکستان فرار

افغانستان کے سابق نائب صدر امر اللہ صالح کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ امراللہ صالح تاجکستان فرار ہو گئے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل بھی امر اللہ صالح کے افغانستان سے فرار کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن سابق افغان نائب صدر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کر کے اس قسم کی خبروں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے طالبان کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ 

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ حملہ آور کبھی بھی ہمارے ملک کی تعمیر نو نہیں کریں گے، ہمارے لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود ملک کی تعمیر نو  میں اپنا کردار ادا کریں۔

بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کیلئے کوششیں

ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ کابل ائیر پورٹ سے بین الاقوامی پروازیں جلد شروع کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، قطر، ترکی اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیاں کابل ائیرپورٹ کی دوبارہ بحالی کے لیےکام کر رہی ہیں۔

طالبان کے سپریم لیڈر جلد منظر عام پر آئیں گے

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے  بتایا کہ طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ جلد منظر عام پر آئیں گے۔

بغاوت کو کچل دیا جائے گا

ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کے دوران یہ درخواست بھی کی کہ افغانستان کی سابق افواج نئی حکومت کے ساتھ شامل ہو جائیں اور ملکی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان بغاوت کے معاملے میں انتہائی حساس ہیں اور حکومت کے خلاف کسی بھی قسم کی بغاوت کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔

عبوری حکومت کی تشکیل

ترجمان طالبان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی، حکومت کے حوالے سے فیصلے ہو چکے ہیں لیکن کچھ تکنیکی معاملات پر کام ہو رہا ہے، تکنیکی معاملات حل ہوتے ہی نئی حکومت کا اعلان کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :