دنیا
Time 31 اگست ، 2021

ہم بھی اسی دنیا کے ہیں، امریکا سمیت تمام ملک طالبان کو پہچانیں، ذبیح اللہ مجاہد

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ طالبان دنیا کا حصہ ہیں اورچاہتے ہیں کہ امریکا سمیت دنیا کے سارے ملک ہمیں پہچانیں۔

امریکی فوج کے انخلا کے بعد کابل میں ’فتح‘ کا جشن منانے کے حوالے سے ایک تقریب ہوئی جس میں طالبان کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ طالبان دنیا کا حصہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ امریکا سمیت دنیا کے سارے ملک طالبان کو پہچانیں، دنیا کو باہمی تعلقات کی بنیاد پر ہمیں تسلیم کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ نئی حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوشش کرے گی۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ دنیا کیلئے پیغام امن ہے اور دنیا کو ایک بار پھر ان کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

طالبان ترجمان کا کہنا تھاکہ امریکا کے افغانستان آنے کی وجہ خطے اور ایشیائی ممالک میں دراندازی کیلئے ایک مضبوط فوجی اڈہ بنانا اور ملک کے قدرتی وسائل کو لوٹنا تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک میں معاشی مسائل ہیں، تاجروں کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو حل کریں گے، ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے اور ملک کی تعمیر کرنی چاہیے۔

طالبان ترجمان کا کہنا تھاکہ طالبان ایمانداری کی بنیاد پر دنیا سے اچھے سیاسی اور معاشی تعلقات چاہتے ہیں، دنیا کو ایسے باہمی تعلقات کی بنیاد پر ہمیں تسلیم کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم دنیا کو یقین دلاتے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین کسی ملک یا کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، دنیا کیلئے ہمارا پیغام پرامن ہے اور دنیا کو ایک بار پھر ہمارے بارے میں سوچنا چاہیے۔

اسی تقریب سے خطاب طالبان رہنما مولوی دلاور نے کہا کہ طالبان سفارتخانے بند نہ کرنے والے ملکوں کے فیصلے کا خیر مقدم کرتےہیں اور چاہتے ہیں کہ جو ملک سفارت خانے بند کرچکے وہ بھی دوبارہ کھولیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں غیر ملکی سفارت خانوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

مزید خبریں :