06 ستمبر ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
راولپنڈی ایکسپرس شعیب اختر کا جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مصباح الحق اور وقار یونس نے جو کام کیا اسے چھوڑ کر بھاگنا کہتے ہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ ورلڈ کپ تھا،ایک اہم ایونٹ تھا پورا زور لگانا چاہیے تھا لیکن جو فیصلہ ان دونوں نے کیا اسے وہ کمزوری ہی کہیں گے۔
شعیب اختر نے کہا کہ مصباح کو پتا تھا کہ رمیز راجہ کی موجودگی میں کوچنگ مشکل ہوگی، مصباح اور وقار بے نقاب ہو کر بھاگے ہیں، پی سی بی کا قصور ہے جو مصباح اور وقار کو لایا۔
شعیب اختر نے ورلڈ کپ کے لیے منتخب کی گئی ٹیم پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ٹیم میں اعظم خان آجاتے ہیں شعیب ملک نہیں آتے، وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں ہونا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
جس کے بعد اب ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔