06 ستمبر ، 2021
ٹوکیو پیرالمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ حیدر علی اپنے آبائی شہر گوجرانوالا پہنچے جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر قومی ہیرو ایتھلیٹ حیدر علی وطن واپسی پر پہلے لاہور پہنچے جہاں اُن کا پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی اور دیگر افراد نے استقبال کیا۔
لاہور سے حیدر علی آبائی شہر گوجرانوالا پہنچے تو بس اسٹاپ پر شہریوں نے اُن کا انتہائی والہانہ استقبال کیا، ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
اس موقع پر گھوڑوں کا رقص بھی پیش کیا گیا پھر ریلی کی شکل میں قومی ہیرو کو ان کی رہائش گاہ کھیالی پہنچایا گیا۔
دوران سفر شہریوں نے جگہ جگہ اپنے ہیرو کا شاندار استقبال کیا اور بھنگڑے بھی ڈالے جبکہ حیدر علی بھی اپنے استقبال پر خوش دکھائی دیے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں حیدر علی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانب سے شاندار استقبال کے بعد وہ اپنی تمام مشکلات بھول چکے ہیں، یہ میڈل وہ اپنی قوم کے نام کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے ڈسکس تھرو مقابلے میں پاکستان کے حیدر علی نے تاریخ رقم کی اورگولڈ میڈل جیتا۔
حیدر علی پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں، انہوں نے اس سے قبل بھی پاکستان کیلئے 2 پیرالمپکس میڈل جیت رکھے ہیں۔