08 ستمبر ، 2021
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ طالبان کو نئی حکومت کے بعض ناموں کیلئے دنیا سے قانونی حیثیت حاصل کرنی پڑے گی۔
برلن میں پریس کانفرس کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ طالبان کی نئی عبوری حکومت جامع نہیں اور طالبان کی کابینہ میں شامل کچھ افراد پر امریکا کو خدشات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کو نئی حکومت کے بعض ناموں کیلئے دنیا سے قانونی حیثیت حاصل کرنی پڑے گی جبکہ طالبان کو ان کے عمل سے پرکھاجائے گا۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سے طالبان کو ان کے وعدوں کی پاسداری پر قائم رکھنے پر بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت طالبان چارٹرڈ پروازوں کی روانگی کی اجازت نہیں دے رہے اور کچھ مسافروں کی نامکمل دستاویزات کے باعث پروازیں روکے ہوئے ہیں لیکن ہم افغانستان کیلئے چارٹرڈ پروازیں شروع کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ طالبان کی جانب سے اعلان کردہ ناموں کی فہرست صرف ان افراد پر مشتمل ہے جو طالبان کے رکن یا ان کے قریبی ساتھی ہیں اور کسی خاتون کا نام شامل نہیں۔