Time 10 ستمبر ، 2021
پاکستان

بلاول نے اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی: مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ بلاول نے اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی اور  خود کو حکومت کے ساتھ جوڑ لیا جب کہ جو  پیشکش بلاول کو ہوئی وہ ہمیں بھی ہوئی لیکن ہم نے قبول نہیں کی۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے  پی ڈی ایم ٹوٹنے کا ذمہ دار بلاول بھٹو زرداری کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری صفوں میں میرجعفر اور میر صادق ہونےکی وجہ سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کو نقصان پہنچا،  بلاول، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بریکٹ ہوئے، جو پیشکش بلاول کو ہوئی وہ ہمیں بھی ہوئی لیکن ہم نے قبول نہیں کی۔

مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھا کہ استعفعوں کا آپشن پی ڈی ایم کے اعلامیے میں موجود تھا، پیپلزپارٹی ہماری بات مانتی تو آج یہ حکومت ختم ہوچکی ہوتی اور آج الیکشن بھی ہو چکے ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم بہت کچھ جانتے ہیں، بہت کچھ نوٹس میں ہے مگر ہم کوئی محاذ نہیں کھولنا چاہتے، اگر ہم محاذ کھولنے پر آگئے تو ایک سوئی بھی نہیں رہے گی۔

مزید خبریں :