Time 11 ستمبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

عمر شریف کیلئے ہر لمحہ قیمتی، اہلیہ جلد امریکی ویزا جاری ہونے کیلئے پر امید

لالو کھیت کی جان،کراچی کی شان، فرزند پاکستان،کامیڈی کے بےتاج بادشاہ،حاضر جواب،مزاحیہ جملوں سے لوگوں کو لاجواب کرنے والے معروف اداکارعمرشریف کی طبیعت ہرلمحے بگڑرہی ہے۔

اہلیہ زرین غزل کہتی ہیں کہ عمر شریف کیلئے  ایک ایک منٹ قیمتی ہے، اگرانہیں امریکا منتقل نہیں کیا گیا توان کی یہاں اوپن ہارٹ سرجری کرنا پڑے گی جوان کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں زرین نے کہا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ ویزے کیلئے کوشش کی جارہی ہے،امید ہے کہ ویزاجلد جاری ہوجائےگا۔

دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف کی طبیعت میں تاحال بہتری نہیں آسکی اور وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

اہلیہ زرین غزل نے بتایا کہ عمر شریف کیلئے ایک ایک منٹ قیمتی ہے، ہمیں عمر شریف کیلئے ائیر ایمبولینس کی بھی ضرورت پڑے گی کیونکہ ان کی حالت ایسی نہیں کہ وہ عام فلائٹ میں سفر کرسکیں۔

خیال رہے اس سے قبل بھی عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے حکومت سے سفری انتظامات سے متعلق مدد طلب کی تھی۔ 

مزید خبریں :