12 ستمبر ، 2021
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد کا کہنا ہے کہ کوشش ہے افغانستان میں مستحکم حکومت اور نظام آئے تاکہ ٹی ٹی پی، القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروپ نہ پنپ سکیں۔
طالبان کی جانب سے کابینہ کے اعلان کے بعد افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کابل میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ افغان کابینہ کے ارکان نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں مستحکم حکومت اور نظام آئے تاکہ کالعدم ٹی ٹی پی، القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروپ یہاں دوبارہ نہ پنپ سکیں۔
منصور احمد نے مزید کہا کہ افغانستان کا سب سے بڑا چیلنج معیشت اور بینکوں کی بحالی ہے، اشیائے ضروریہ کی قلت پوری کرنے کے لیے پاکستان کے 3 جہاز کابل، قندھار اور خوست پہنچ چکے ہیں۔
پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ قطر اور ترکی کابل ائیرپورٹ بحال کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں پاکستان سے افغانستان کے لیے کمرشل فلائٹس شروع کرنے کی کوشش ہے، پاکستان پہلا ملک ہے جس کی افغانستان کے ساتھ باقاعدہ فلائٹس ہوتی ہیں اور ہوں گی۔