12 ستمبر ، 2021
ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹس کا شاندار آغاز ، بابر مسیح نے اپنے دونوں میچز جیت لیے جبکہ حارث طاہر نے بھی پہلے روز اپنا میچ جیت لیا۔
دوحہ میں شروع ہونیوالی چیمپئن شپ کے گروپ بی میں شامل پاکستان کے بابر مسیح کا پہلے میچ میں نیپال کے نرمل بوگاٹی سے مقابلہ تھا ۔
پاکستانی کیوئسٹ نے نیپالی حریف کو کوئی فریم جیتنے کا موقع نہیں دیا ، بابر کیخلاف نرمل دوسرے فریم میں کوئی گیند پاکٹ میں نہ ڈال سکے جبکہ تیسرے فریم میں وہ صرف ایک بار ہی سرخ گیند کو پاکٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
بابر نے یہ فریم 78 اور 62 کے بریک سےکھیلتے ہوئے میچ 73 ۔ 23، 87 ۔ 0، 91 ۔ 1 اور 64 ۔ 54 سے جیت لیا۔
اپنے دوسرے میچ میں بابر نے اردن کے شرف مائتہ کو0۔4سے زیر کیا۔
اردنی کھلاڑی ، بابر مسیح کیخلاف تیسرے فریم کے علاوہ کسی بھی فریم میں ٹیبل پر نہ ٹک سکے، بابر نے دوسرا میچ83 ۔ 4، 67۔ 46 ۔ 86 ۔ 1 اور99 ۔ 7 سے جیت کر دوسری کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کے دوسرے کھلاڑی حارث طاہر گروپ ایچ میں شامل ہیں، حارث نے اومان کے شرف الفارسی کو 1۔ 4 سے شکست دی ۔ حارث نے آخری فریم میں61 کی بریک کھیلتے ہوئے 67۔ 22 ، 20۔65، 55۔ 31، 63۔ 20 اور 65 ۔ 2 سے کامیابی حاصل کی۔
چیمپئن شپ میں شریک دونوں کھلاڑی پیر کو دو ، دو میچز کھیلیں گے۔