14 ستمبر ، 2021
سندھ حکومت نے علیل اداکار عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس کا بندوبست کردیا۔
کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نےاس سلسلے میں یقین دہانی کرائی ہے جب کہ وفاقی حکومت ویزے کے حصول میں عمر شریف کی مدد کرے گی۔
عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر شریف نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکی دارالحکومت واشنگٹن جائیں گے۔
لیجنڈاداکار عمر شریف کے بیٹے جواد نے ان تمام افراد کا شکریہ اداکیا ہے جو ان کے والد کے لیے دعاگوہیں۔
جیونیوز سے خصوصی طورپربات کرتے ہوئے جوادکا کہناتھاکہ وہ امریکی رکن کانگریس شیلاجیکسن کے بھی شکرگزارہیں جووالد کی صحت کےبارے میں فکر مند ہیں۔
خیال رہے اداکار عمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے۔ ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق عمر شریف دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی عمر شریف کی عیادت کی تھی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے علاج کے لیے بورڈ تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔