Time 11 ستمبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکار جونی لیور نے عمر شریف کیلئے کیا کہا؟

بھارتی فلموں میں کامیڈی کنگ کے نام سے پہچانے جانے والے اداکارجونی لیور نے کئی دہائیوں تک ناظرین کے لبوں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے  پاکستان کے سینیئر کامیڈین اور  اداکار عمر شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

جونی لیور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم سب کے عزیز فنکار عمر شریف صاحب جنہوں نے پوری دنیا کو ہنسایا، ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، سن کر بے حد دکھ ہوا۔‘

اداکار نے مداحوں کو پیغام دیا کہ ہم سب عمر شریف کیلئے دعا گو ہیں، آپ بھی ان کیلئے دعا کریں تاکہ وہ جلدی سے ٹھیک ہوجائیں۔

جونی لیور نے عمر شریف سے مخاطب ہوتے ہوئے انہیں جلد صحتیابی کی دعا بھی دی۔

خیال رہے اداکار عمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے۔ ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق عمر شریف دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کا علاج جاری ہے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر عمر شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے علاج کے سلسلے میں مدد طلب کی تھی۔

ویڈیو میں عمر شریف کہہ رہے تھے کہ ’ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کی ضرورت ہے، ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے۔ عمران خان صاحب! جب بھی آپ نے کوئی چیز کی ہے آپ نے مجھے کال کیا ہے میں نے آپ کی آوز پر لبیک کہا ہے اسی لیے مجھے بھی یقین ہے کہ آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے۔‘

دوسری جانب عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکومت سے مالی امداد نہیں بلکہ بیرون ملک روانگی کے سلسلے میں معاونت طلب کی ہے۔

مزید خبریں :