14 ستمبر ، 2021
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن منصور نگر میں انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے گرفتاری کے خوف سے خود کشی کرلی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے گرفتاری کے خوف سے خود کشی کی ہے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن منصور نگر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت مبینہ ٹارگٹ کلر شاہین بہاری کے نام سے کی گئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلر شاہین بہاری نے گرفتاری کے خوف سے خود کشی کی ہے۔ پولیس کو جائے وقوع سے ایک پستول اورخود کشی سے پہلے لکھا گیا خط بھی ملا ہے۔
پولیس کے مطابق خط میں شاہین بہاری نے لکھا ہے کہ وہ پولیس چھاپوں سے پریشان و تنگ ہو کر خود کشی کررہا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق شاہین بہاری نے اپنے ساتھی آصف بھیا کے ہمراہ 28 اگست کو اورنگی میں ہی ہوٹل میں فائرنگ کر کے اے ایس آئی اکرم خان کوشہید کیا تھا۔
شاہین بہاری نے خط میں لکھا کہ جس پستول سے اے ایس آئی کو شہید کیا وہ پستول پھینک دیا تھا، دوسرے پستول سے خود کشی کررہا ہوں۔
سہائی عزیز کے مطابق گزشتہ دنوں ملزم کے ساتھی آصف بھایا کو رینجرز اور پولیس نے گرفتار کیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی شاہین بہاری نظر آرہا ہے۔