پاکستان

سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کیلئے رقم جاری کردی

سندھ حکومت نے معروف اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے ائیر ایمبولینس کا بندوبست کرنے کے ساتھ 4 کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کردی۔

محکمہ خزانہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق عمرشریف کا امریکا میں علاج کرانےکے لیے 4 کروڑ روپے جاری کردیےگئے ہیں، اس کے علاوہ ائیر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

 جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عمرشریف کے بیٹے جواد عمر نے بتایا کہ  ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے والدکے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا، امید ہے کہ  والد جلد علاج کے لیے امریکا روانہ ہوجائیں گے۔

جواد عمرکا کہنا تھا کہ وہ  اپنے والد کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کے شکرگزار ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ عمر شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے حوالے سے آج ویزا ملنے کا امکان ہے۔

ادھر امریکا میں عمرشریف کے ڈاکٹر اور معروف ادکارہ ریما کے شوہر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کے علاج میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

ریما کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہےکہ مجھے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب پر فخر ہے جنہوں نے عمر شریف کے اس ہائی رسک پروسیجر کے لیے حامی بھری اور امریکا منتقلی کے انتظامات میں ان کے اہل خانہ کی بھی مدد کررہے ہیں۔

خیال رہے اداکار عمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے، ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق عمر شریف دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

مزید خبریں :