پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2021

او جی ڈی سی ایل نے لکی مروت میں گیس کے مزید ذخائرکی دریافت کی خوشخبری سنادی

 آئل اینڈگیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گیس کے مزید ذخائرکی دریافت کی خوشخبری سنادی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس سینیٹر محمد عبدالقادر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ۔ 

 چیئرمین کمیٹی محمد عبدالقادر نےکہا کہ درآمدی ایل این جی اوسطاً دس ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے زیادہ میں پڑ رہی ہے جب کہ مقامی گیس ساڑھے 6 ڈالرکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کوہلو سمیت بلوچستان کے دیگر بلاکس میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے سکیورٹی کے مسائل حل کریں گے ۔چیئرمین محمد عبد القادر نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم درآمدی بل کوکم کرنےکے لیے مقامی گیس پیداوار کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے۔

اس موقع  پر ایم ڈی او جی ڈی سی ایل نے چیئرمین کمیٹی کو لکی مروت کے علاقے میں مسلسل تیسری گیس دریافت کی خوش خبری سُنادی۔

 ایم ڈی او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ لکی مروت سے گیس ذخائر کی ایک اور دریافت متوقع ہے، اس دریافت سے یومیہ ایک کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ تک گیس حاصل ہو سکےگی۔

اس موقع پر سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ تیل و گیس کی تلاش کے لیے سکیورٹی امور پر سالانہ 120 ارب روپے خرچ ہو جاتے ہیں ،کمیٹی کو بتایا گیا کہ او جی ڈی سی ایل کے سوئی گیس کمپنیوں اور ریفائنریزسمیت پاورہولڈنگ کمپنی کی طرف 701 ارب روپے کے بقایا جات ہیں ۔

مزید خبریں :