پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2021

الیکشن کمیشن چاہے تو آئین کے تحت وزرا کو نا اہل کرسکتا ہے، سابق سیکرٹری کنور دلشاد

الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نےکہا ہےکہ الیکشن کمیشن چاہے تو آئین کے آرٹیکل163- آئی ون جی کے تحت وزرا کو نااہل کرسکتا ہے۔

ایک انٹرویو میں کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ بعض وفاقی وزرا نے الیکشن کمیشن کی خود مختاری پر جو حملہ کیا ہے اس کے بہت دور رس اور شدید اثرات ہوں گے۔

کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس وزرا کو نا اہل قرار دینے کے اختیارات ہیں، دانیال چوہدری، نہال ہاشمی اور طلال چوہدری کو اسی شق کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

اس کے بعد فواد چوہدری اور اعظم سواتی نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں بھی الیکشن کمیشن پر الزام تراشی کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے  دونوں وزرا کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کے خلاف مزیدکارروائی کی جاسکے۔

مزید خبریں :