پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2021

مارکیٹیں رات 10، انڈور ڈائننگ 12 بجے تک ہوگی، دفاتر میں 100 فیصد حاضری کی اجازت

سندھ میں کورونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے مارکیٹیں رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی  میں صرف اتوار کو مارکیٹیں بند رکھی جائیں گی، ہفتے کے چھ روز مارکیٹیں رات دس بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ حکومت نے انڈور ڈائننگ بھی کھول دی ہے، انڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔

اس کے علاوہ  انڈور شادی سمیت دیگر تقریبات کی بھی اجازت دے دی گئی ہے،  انڈور شادی سمیت دیگر تقریبات میں 200 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ اوپن ائیر میں شادی سمیت دیگر تقریبات میں 400 افراد شامل ہوسکیں گے۔

مارکیٹوں، شاپنگ مالز، دکانوں پر ایس او  پیز کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں وزٹ کریں گی، گھروں سے کام کرنے کی کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے اور اب دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کرسکے گا۔

پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد جبکہ ٹرینوں میں70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 56733 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2714 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 73 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.78 فیصد رہی۔

مزید خبریں :