کھیل
Time 15 ستمبر ، 2021

محمد عامر کا پی سی بی کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ نہ لینے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے جس میں جہاں کئی سینئر کرکٹرز کے نام شامل نہیں: فائل فوٹو
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے جس میں جہاں کئی سینئر کرکٹرز کے نام شامل نہیں: فائل فوٹو 

فاسٹ بولر محمد عامر  نے  پاکستان کرکٹ بورڈ کا ڈومیسٹک کرکٹ کنٹریکٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے جس میں جہاں کئی سینئر کرکٹرز کے نام شامل نہیں وہاں محمد عامر کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے جو انٹر نیشنل کرکٹ کے لیے دستیاب ہی نہیں ہیں۔

محمد عامر کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بغیر پوچھے ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا ہے، مجھے تو اب پتا چلا میرا نام لسٹ میں شامل ہے،  پی سی بی کا ڈومیسٹک کنٹریکٹ نہیں لوں گا،  بورڈ میری جگہ جونیئر کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دے، میں تو انٹرنیشنل بھی نہیں کھیل رہا، نوجوان کرکٹر کا بھلا کریں۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے محمد عامر کو ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کیا ہے، ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ سے کئی بڑے کھلاڑی محروم ہوگئے ہیں جن میں وہاب ریاض، محمد حفیظ ،کامران اکمل اور عمر اکمل بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پی سی بی سے کہا تھا کہ پرفارمنس اور سنیارٹی کی بنیاد پر کنٹریکٹ دیا جائے، سارا ڈومیسٹک سیزن کھیلتا ہوں ،اے پلس کیٹیگری کا حقدار ہوں اس کے علاوہ کوئی اور کیٹیگری قبول نہیں۔

ادھر پی سی بی کا کہنا ہے کہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو کیٹیگریز کے لحاظ سے تقسیم کیا گیا ہے، کھلاڑیوں سے رابطہ کیا گیا تھا اور   کھلاڑیوں نے ایونٹ کے حساب سے کنٹریکٹ لینے پر رضا مندی ظاہر کی۔

مزید خبریں :