کراچی: رینجرز نے 2 پولیس اہلکاروں کو منشیات بیچتے ہوئےگرفتار کرلیا

کراچی میں رینجرز نے 2 پولیس اہلکاروں کو منشیات بیچتے ہوئےگرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سچل تھانےکےدونوں اہلکاروں سے 8 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ہے، اہلکاروں کو 2 روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ تحقیقات میں پتا چلا ہےکہ ایک اورپولیس اہلکار  بھی واردات میں ملوث ہے، وہ پولیس اہلکار ڈی ایس پی کا مبینہ گن مین تھا جسے غائب کردیا گیا ہے۔

 ذرائع نے بتایا ہےکہ سچل سے دو ملزمان کو گرفتار کرکے 16کلوگرام چرس برآمدکی گئی تھی، مبینہ طور پر سابقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی نے رشوت لے کر ملزمان چھوڑدیے، برآمد چرس میں سے 8کلوگرام مبینہ طور پر بیچنے کےلیے اہلکاروں کو دی گئی تھی تاہم وہ رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوگئے۔

پولیس حکام نے واردات اورجاری انکوائری کی جیونیوز کو تصدیق کردی ہے، اس سے قبل بھی جمشید کوارٹرز سے پکڑی گئی منشیات بیچے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

مزید خبریں :