16 ستمبر ، 2021
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایک روپے فی لیٹر بڑھانے کی تجویز دی تھی لیکن حکومت نے پیٹرول لیوی ساڑھے تین روپے بڑھادی۔
پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے ملکی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بنادیا ۔نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5روپے اضافے سے پیٹرول 123روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپےجبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے 1پیسہ فی لیٹر اضافہ کیا گیا ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ 5روپے ایک پیسے اضافےسےڈیزل کی نئی قیمت 120روپے 4پیسے ہوگئی،مٹی کا تیل 5روپے46 پیسےمہنگا ہوکر 92روپے 26پیسے فی لیٹرہوگیا،لائٹ ڈیزل آئل 5روپے 92پیسے مہنگا ہوکر 90 روپے 69 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔
جیو نیوز کے مطابق، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) نے پیٹرول کی قیمت 1 روپے بڑھانے کی تجویز دی تھی تاہم حکومت کی جانب سے پیٹرول لیوی ساڑھے3 روپےبڑھادی گئی ۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے پرشہری پھٹ پڑے اور کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی سے پریشان عوام مزید مشکلات سے دوچار ہوگئےہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا طوفان لائےگا،وزیراعظم قیمتیں کنٹرول کریں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سے کم ہیں ، جب آپ نے تیل باہر سے خریدنا ہے تو قیمت بڑھے گی تو یہاں بھی قیمتیں بڑھیں گی۔