17 ستمبر ، 2021
کراچی میں فیس کے لیے بچوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور والدین پر تشدد کرنے والے اسکول کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔
نجی اسکول کے خلاف والدین کی تمام شکایات درست ثابت ہوئیں جس کی رپورٹ تحقیقاتی ٹیم نے محکمہ تعلیم کو جمع کروائی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکول میں فیس میں تاخیر پر بچوں کو حبس بے جا میں رکھا جاتا اور فیس بذریعہ بینک نہیں بلکہ کیش لی جاتی ہے۔
وزیر تعلیم سندھ کو بھیجی گئی رپورٹ میں اسکول کی رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
محکمہ تعلیم نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل کر دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ایک نجی اسکول کی جانب سے فیس کی ادائیگی میں تاخیر پر بچوں کے والدین پر تشدد کی خبر سامنے آئی تھی اور اسکول انتظامیہ نے تحقیقات کے لیے آنے والی حکومتی ٹیم کو بھی اسکول کے اندر جانے سے روک دیا تھا۔