Time 17 ستمبر ، 2021
پاکستان

تحریک انصاف کی حکومت میں بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں ملک بھر میں بیروزگاری بڑھ گئی جبکہ 2018-19 میں خیبرپختونخوا میں بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ رہی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن سے قبل ایک کروڑ نئی نوکریاں اور 100 دن میں ہزاروں ملازمتیں دینے کے دعوے کیے تھے مگر وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان کے یہ سب دعوے اور وعدے ایک خواب بن کر رہ گئے۔

تحریک انصاف کی حکومت آ گئی مگر سب اُلٹ پُلٹ ہو گیا۔

روزگار کے نئے موقع پیدا ہونے کے بجائے لوگ پہلے سے میسر روزگار سے بھی گئے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی  رپورٹ کے مطابق بیروزگاری کی شرح 2017-18 میں 5.8 فیصد تھی جو 2018-19 میں بڑھ کر 6.9 فیصد ہوگئی۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ 2018-19 میں سب سے زیادہ بیروزگاری خیبر پختونخوا میں 10.3 فیصد رہی جبکہ سندھ میں بیروزگاری کی شرح سب سے کم 4 فیصد رہی۔

پنجاب میں بیروزگاری کی شرح 7.4 فیصد اور بلوچستان میں 4.6 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق مردوں میں بیروزگاری کی شرح 5.1 سے بڑھ کر 5.9 فیصد ہوگئی جبکہ خواتین میں یہ شرح 8.3 سے بڑھ کر 10 فیصد ہوگئی۔ 

شہروں میں بیروزگاری کی شرح 7.2 سے بڑھ کر 7.9 فیصد ہوئی، دیہاتوں میں 5 سے بڑھ کر 6.4 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں کی خواتین میں بیروزگاری کی شرح 5.9 سے بڑھ کر 8.5 فیصد اور مردوں میں 4.7 سے بڑھ کر 5.5 فیصد ہوگئی۔

مزید خبریں :