پاکستان
Time 18 ستمبر ، 2021

ججز، بیوروکریٹس اور سرکاری ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے کیس کا تفصیلی حکم جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ججز، بیوروکریٹس اور سرکاری ملازمین کوپلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس کا تفصیلی حکم جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محسن اختر نے تفصیلی حکم جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ سیکٹر ایف 14 اور 15 کی قرعہ اندازی سے متعلق اٹارنی جنرل معاونت کریں، ان سیکٹرز میں الاٹمنٹ کی قرعہ اندازی آئندہ سماعت تک معطل ہے، امید ہے ایکوائرلینڈ سے متعلق حکومت آئندہ سماعت سے قبل پالیسی بنالے گی۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہےکہ جن متاثرین کی زمینیں لی گئیں ان کی حد تک حکم امتناع پر عمل نہیں ہوگا، اگر متاثرین تعاون نہیں کرتے تو اتھارٹی عدالت میں درخواست دے، اتھارٹی آئندہ سماعت پر تمام درخواستوں پر تفصیلی جواب جمع کرائے جب کہ وفاقی وزیرکی زیرسربراہی کمیٹی 20 اگست کے آرڈرکی نشاندہی مد نظر رکھے۔

عدالت نے کہا کہ ظاہر ہوا ہے اتھارٹی کی ایکوائرلینڈ کی تقسیم کی پالیسی مفاد عامہ کے مطابق نہیں، سامنے آیا کہ کرپشن اور مس کنڈکٹ پر نکالے گئے ججوں کو بھی پلاٹ دیے گئے، عدالت کو بتایا گیا کہ 30 ہزار سے زائد لوگ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کےمنتظر ہیں جب کہ سیکٹر ایف 14 اور 15 کی جگہ ریاستی زمین کی تقسیم میں ان ہزاروں افراد کو نظر انداز کیا گیا۔

مزید خبریں :