پاکستان
Time 18 ستمبر ، 2021

پنجاب میں کورونا کے ساتھ ڈینگی بھی سر اٹھانے لگا

لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا کے ساتھ ڈینگی بھی سر اٹھانے لگا ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 34کنفرم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے اعدادو شمار کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ڈینگی کے 34کنفرم کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے لاہور میں 29 ، راولپنڈی میں 2 ، گجرات، جھنگ اور پاکپتن سے ایک، ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال اب تک صوبے بھر سے ڈینگی کے 398کنفرم کیسز میں سے 320 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب میں ڈینگی کے 20 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 11 مریض لاہورکےاسپتالوں میں داخل ہیں۔

دوسری جانب 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.5 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں کورونا کیسز کی شرح 9.2 فیصد، راولپنڈی میں8.7 فیصد اور فیصل آباد میں کورونا کیسز کی شرح 8.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر سے ایک ہزار 192 نئےکورونا کیسز  رپورٹ ہوئے، لاہورمیں 5  اور صوبے بھرمیں 20 اموات رپورٹ ہوئیں۔

مزید خبریں :