پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2021

کراچی پریس کلب کی جانب سے ممبران اور ان کے اہل خانہ کیلئے پکنک کا اہتمام

کراچی پریس کلب کی پکنک کے موقع پر ایک گروپ فوٹو۔ فوٹو: کے پی سی
کراچی پریس کلب کی پکنک کے موقع پر ایک گروپ فوٹو۔ فوٹو: کے پی سی

کراچی پریس کلب کی جانب سے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے وائلڈ وینچر پارک میں پکنک کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں اور بڑوں نے بھرپور تفریحی سرگرمیاں کیں، ممبران تیراکی اور لانگ سلائیڈ سے لطف اندوز ہوئے۔

وائلڈ وینچر واٹر پارک میں منعقد کی گئی پکنک میں کوئی تیراکی کے جوہر دکھاتا رہا تو کوئی لانگ سلائیڈ سے لطف اندوز ہوا۔ کلب کے ممبران اور ان کے اہلخانہ کی انواع و اقسام کے کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔

پکنک کے موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے، مختلف امور کے لیے قیام عمل میں آنے والی کمیٹیوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے۔

پکنک میں شریک صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے وائلڈ وینچر پارک میں تفریح سے بھرپور دن گزارا اور بہترین انتظامات کرنے پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔

واٹر پاک کے مالک کو کراچی پریس کلب کی جانب سے شیلڈ پیش کی جا رہی ہے۔ فوٹو: کے پی سی
واٹر پاک کے مالک کو کراچی پریس کلب کی جانب سے شیلڈ پیش کی جا رہی ہے۔ فوٹو: کے پی سی

صحافیوں نے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں ان کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ہیں، پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے باعث وہ اکثر ایسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہو سکتے لیکن کراچی پریس کلب نے ہمیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس پروگرام میں شریک کرکے قیمتی لمحات مہیا کیے۔

کراچی پریس کلب کے سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے کہا کہ اپنے ممبران کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ہمارا خاصہ رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ممبران کو تفریحی سرگرمیاں میسر آئیں تاکہ وہ تازہ دم ہو کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔

انہوں نے پکنک کے انتظامات کے لیے قائم کی گئی کمیٹیوں کے ارکان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں نے انتہائی دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور تمام امور انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پائے۔

محمد رضوان بھٹی کا کہنا تھا کہ آج اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے، کراچی پریس کلب کی جانب سے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

وائلڈ وینچر پارک کے مالک قادر بخش بلوچ اور ان کے صاحبزادے نے صحافیوں کو واٹر پارک میں خوش آمدید کہا۔ فوٹو: کے پی سی
وائلڈ وینچر پارک کے مالک قادر بخش بلوچ اور ان کے صاحبزادے نے صحافیوں کو واٹر پارک میں خوش آمدید کہا۔ فوٹو: کے پی سی 

وائلڈ وینچر پارک کے مالک قادر بخش بلوچ اور ان کے صاحبزادے شاہ میر بلوچ نے کراچی پریس کلب کے ممران اور ان کے اہل خانہ کو خوش آمدید کہا۔

ان کا کہنا تھا یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے سب سے بڑے پریس کلب کے ممبران نے ہمارے پارک کو رونق بخشی، صحافی اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی میزبانی ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

قادر بخش بلوچ نے کہا کہ ہم نے یہ پارک کراچی کا امیج اچھا بنانے کے لیے قائم کیا ہے، کراچی کو لوگ بدامنی کے طور پر جانتے ہیں لیکن یہ تاثر غلط ہے، کراچی ایک پرامن اور محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائلڈ وینچر واٹر پارک ان شاءاللہ نہ صرف لوگوں کو معیاری تفریحی فراہم کرے گا بلکہ کراچی کا امیج بھی بہتر بنائے گا، ہماری سرمایہ کاری کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کا نام بلند ہو۔