19 ستمبر ، 2021
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کسی موقع پر نیوزی لینڈ کے مؤقف کی تائید نہیں کی، کسی حکومتی عہدیدار یا سکیورٹی ایجنسی نے بھی تائید نہیں کی جبکہ نیوزی لینڈ نے پی سی بی کے ساتھ تاحال سکیورٹی تھریٹس کی کوئی معلومات شیئر نہیں کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اپنے اعلامیے پر قائم ہے کہ نیوزی لینڈ نے دورہ ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اجلاس سے قبل لابنگ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا کے بااثر کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز سے رابطے اور مؤقف میں حمایت مانگی جائے گی پھر دوسرے مرحلے میں کرکٹ بورڈز سے رابطے کیے جائیں گے، آئی سی سی اجلاس میں بھی اس حوالے سے بات کی جائے گی۔
آئی سی سی بورڈ میٹنگز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ہوگی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ وائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم کو ملنے والی تھریٹ کی بنیادی نوعیت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بتا دی تھی مگر اس کی تفصیلات شیئر نہیں ہوسکتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کیویز کرکٹ ٹیم نے میچ شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے دورہ ختم کرنے کا اعلان کیاتھا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کے پاس بھی کوئی اطلاع نہیں تھی، صرف بہانہ بنایا گیا، اس کے پیچھے کیا ہے آئندہ کچھ روز میں پتا چلے گا۔