Time 19 ستمبر ، 2021
پاکستان

طالبان سے ہمدردی رکھیں اور فوراً ان کی حکومت تسلیم کریں، مولانا فضل الرحمان

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنا افغانستان کو تسلیم کرنا ہے، طالبان سے ہمدردی رکھیں اور فوراً ان کی حکومت کو تسلیم کریں۔

لاہور میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چین اور روس دلچسپی دکھا رہے ہیں، ہمیں بھی رابطہ رکھناچاہیے، ہم افغانستان کے براہ راست پڑوسی اور تاریخی رشتے میں منسلک ہیں، افغانستان میں پر امن اور مستحکم نظام لانے کے لیے تعاون کریں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کےلوگ یکسو ہیں، یکسوئی کو دوبارہ آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہیے، پیپلزپارٹی الائنس کے بارے میں ایسا رویہ رکھے جس کا فائدہ حکومت کو نہ ہو، حکومت پر دباؤ ڈالنےکے لیے یکسوئی ہونی چاہیے، یکسوئی نہ ہوئی تو کسی چیلنج کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

صدر پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ایک الائنس کے ہوتے ہوئے باہر سے بھی اپوزیشن کی جاسکتی ہے، ایک محاذ پرجنگ لڑنی چاہیے،کئی محاذ نہیں کھولنا چاہئیں۔

ان کامزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ملک کو چلانےکی صلاحیت نہیں ہے۔

مزید خبریں :