20 ستمبر ، 2021
اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) اور کسٹمز حکام نے کراچی ائیرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے پر چھاپہ مار کر منشیات برآمد کر لی۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر پیر کی شام 7 بجے سے طیارے کی تلاشی شروع کی گئی، سراغ رساں کتوں کی مدد سے 3 گھنٹے تلاشی کے دوران دمام جانے والے طیارے سے منشیات برآمد ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے پی آئی اے کی پرواز PK 9245 کے بوئنگ 777 طیارے کے ٹوائلٹ میں خفیہ طور پر منشیات چھپا رکھی تھی۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ کوالٹی کی چرس کے دو پیکٹ پی آئی اے کے طیارے کے ٹوائلٹ IL/3F میں چھپائے گئے تھے، یہ منشیات سراغ رساں کتوں کی نشاندہی پر برآمد کی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایاکہ منشیات کی برآمدگی کے بعد گراؤنڈ ہینڈلنگ فلائٹ کچن سمیت دیگر شعبوں کے افسران اور ملازمین سے حکام نے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے کہ منشیات طیارے میں کیسے پہنچی؟ اس معاملے پر اے این ایف اور کسٹمز نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منشیات برآمدگی کے معاملے پر شعبہ انجینئرنگ کے حکام سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔
دوسری جانب پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کے معاملے پرسی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ طیارے سے منشیات برآمدگی ملوث عناصر کو نہیں چھوڑیں گے۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی پی آئی اے کے طیاروں کے ٹوائلٹ سے منشیات برآمد ہونے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔