21 ستمبر ، 2021
انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان ختم کیے جانے کے بعد قومی کرکٹرز بھی بول پڑے ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے یکطرفہ طور پر دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد پیر کے روز انگلینڈ کرکٹ بورڈنے بھی دورہ پاکستان ختم کردیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نےانگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کیے جانے پر دکھ کا اظہار کیا۔
شعیب ملک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ' پاکستان کرکٹ کے لیے یہ افسوسناک خبر ہے ، ہم دوبارہ واپس آئیں گے ، ان شاء اللہ'۔
نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ' یہ ا یک انتہائی افسوسناک خبر ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ ختم کردیا، کاش کہ دنیا پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ کیلئے جذبہ اور محبت دیکھ سکے ، ہم آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کبھی نہیں ہارنے والا ، ان شاء اللہ'۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا تھا کہ 'میرے پاس بالکل الفاظ نہیں ہیں،کبھی نہ بھولیں کہ پاکستان کرکٹ زندہ رہے گی ، یہ نہ صرف زندہ رہے گی بلکہ پھلے پھولے گی، پاکستان اور پاکستان کے لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں'۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ' یہ ورلڈ کپ جیتنے کا وقت ہے،اب وقت آگیا ہے کہ پی ایس ایل کا سب سے بڑا سیزن پاکستان میں ہو' ۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہرمحمود نے بھی انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان ختم کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
اظہرمحمود کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کےلیے پی سی بی نےکوئی کسرنہیں چھوڑی۔
اظہرمحمود کا کہنا تھا کہ یقین ہے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے زیادہ انتظارکی ضرورت نہیں،ہمارے آفیشلزملک میں کرکٹ کی بحالی کےلیے بہت محنت کررہےہیں۔
واضح رہے کہ پیر کے روز انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے جانے تھے لیکن اس صورتحال میں خطے کا دورہ کرنا پلیئرز کےلیے آئیڈیل نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ دنوں پہلے ون ڈے میچ سے قبل سکیورٹی کو جواز بنا کر دورہ پاکستان ختم کردیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سیریز بھی ملتوی کردی گئی تھی۔