21 ستمبر ، 2021
بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور بزنس مین راج کندرا کو جیل سے نکلتے ہوئے روتا ہوا دیکھا گیا۔
راج کندرا کو جولائی میں پولیس نے فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپس پر پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا تاہم اب اداکارہ کے شوہر کو ضمانت مل گئی ہے۔ اداکارہ کے شوہر کو 50 ہزار بھارتی روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس موقع پر بھارتی میڈیا پر کچھ تصاویر اور ایک ویڈیو زیرِ گردش ہیں جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ان تصویروں اور ویڈیو میں راج کندرا رو رہے ہیں جو کہ جیل سے باہر آتے وقت لی گئیں۔
جیل سے باہر آتے ہی میڈیا نے انہیں آن گھیرا اور ان کے کیس کے حوالے سے کئی سوالات کر ڈالے۔ اس موقع پر ان کی آنکھوں میں آنسو دیکھے گئے۔
اپنے دفاع میں راج کندرا نے کہا کہ پولیس نے انہیں اس معاملے میں گھسیٹا کیونکہ ایف آئی آر میں ان کا نام نہیں تھا۔
خیال رہے کہ دوران سماعت ممبئی پولیس نے ان کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں رہا کیا گیا تو کندرا گواہوں کو متاثر کرسکتے ہیں اور کیس سے جڑے ثبوتوں کو بھی مٹا سکتے ہیں۔