Time 21 ستمبر ، 2021
کھیل

’پاکستان نے ہماری مدد کی اور ہم بھول گئے‘ انگلینڈ کی خواتین کرکٹرز بھی بول پڑیں

انگلش ویمنز ٹیم کی سابق کپتان شیرلٹ ایڈورڈز نے بھی انگلینڈ ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے: فائل فوٹو
انگلش ویمنز ٹیم کی سابق کپتان شیرلٹ ایڈورڈز نے بھی انگلینڈ ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے: فائل فوٹو

انگلش کرکٹ ٹیم کی جانب سے  دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد  انگلینڈ کی سابق خواتین کرکٹرز بھی پاکستان کےحق میں بول پڑیں۔

انگلش ویمنز ٹیم کی سابق کپتان شیرلٹ ایڈورڈز نے  بھی انگلینڈ ویمنز ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا۔

شیرلٹ ایڈورڈز  کا کہنا تھا کہ مینزٹیم کیلئے دورے میں آئیڈیل تیاری نہ ہو مگر ویمنز ٹیم کیلئے دورہ بہت اہم تھا۔

سابق کپتان  نے کہا کہ زیادہ مایوس کن ہےکہ ورک لوڈ کا بہانہ بنایا گیا ہے،مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ  سے ہمدردی ہے، پی سی بی نے ہمارے لیے پچھلے سال بہت کچھ کیا، لگتا ہے ہم بھول گئے ہیں۔

اس کے علاوہ انگلش ویمنز ٹیم کی سابق کھلاڑی  ایبونی جوئیل رین فورڈ نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے بیان سے واضح ہے کہ سکیورٹی کا ایشو نہیں تھا،  پاکستان نےکورونا کے دوران اپنے بہتر حالات سے نکل کر ہماری مدد کی، اب اس کا جواب دینے کا موقع تھا۔

رین فورڈ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کا مسئلہ سڑکیں بند، ہوٹل سیل کرکے اور گارڈز مہیا کرکے حل ہوسکتا ہے جب کہ ورک لوڈ کا مسئلہ تھا تو کیا انگلینڈ کو دو منٹ پہلے پتہ چلا کہ ٹوور ہورہا ہے؟

سابق کرکٹر نے کہا کہ میری نظر میں یہ فیصلہ ایک مضبوط ٹیم کا کم طاقتور ٹیم کیخلاف ہے جس میں نتائج کی پرواہ نہیں کی گئی۔

واضح رہےکہ پیر کے روز  انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹیم کا بھی دورہ پاکستان  منسوخ کردیا تھا۔

مزید خبریں :