Time 22 ستمبر ، 2021
پاکستان

سندھ حکومت کا ایک اور ٹیکس یوٹیلٹی بل میں وصول کرنے کا فیصلہ

عمارتوں، فلیٹس، گھروں اور صنعتوں سےکچرا اکٹھا کیا جائے گا، رہائشی علاقوں سے 100 سے 300 روپے ٹیکس لیا جائے گا، ترجمان— فوٹو:فائل
عمارتوں، فلیٹس، گھروں اور صنعتوں سےکچرا اکٹھا کیا جائے گا، رہائشی علاقوں سے 100 سے 300 روپے ٹیکس لیا جائے گا، ترجمان— فوٹو:فائل

سندھ حکومت نے ایک اور ٹیکس یوٹیلٹی بل میں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کچرا اٹھانے کا ٹیکس سوئی گیس بل میں لیا جائے گا اور اس حوالے سے سوئی سدرن کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ گھروں کے باہر سے کچرا اٹھانے کا ٹیکس سوئی گیس کے بل میں لیا جائے گا  اور کچرا اٹھانے کے ٹیکس سے سالانہ 5 ارب روپے جمع ہونے کی توقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر بلدیات سندھ کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق عمارتوں، فلیٹس، گھروں اور صنعتوں سےکچرا اکٹھا کیا جائے گا جبکہ رہائشی علاقوں سے 100 سے 300 روپے ٹیکس لیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ بورڈ نے اپنے ذرائع سے ریونیو جمع کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت کنزرونسی ٹیکس وصولی کیلئے کے الیکٹرک کو بھی خط لکھ چکی ہے تاہم وفاق نے کے ای کے بل میں کنزرونسی ٹیکس وصول کرنے کی مخالفت کی ہے۔

مزید خبریں :